بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے 78ویں یومِ آزادی پر ایک نیا ’’دفاعی فضائی نظام‘‘ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جو آئندہ دس برسوں میں پورے بھارت میں نصب کیا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق، جمعے کے روز دہلی کے لال قلعے سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے بتایا کہ اس نظام کا نام ’’سدرشن چکر‘‘ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قدم قومی سلامتی اور بدلتے ہوئے جنگی انداز میں شہریوں کے تحفظ کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔
مودی نے وضاحت کی کہ ’’سدرشن چکر‘‘ ایک طاقتور ہتھیاروں کا نظام ہے جو نہ صرف دشمن کے حملوں کو ناکام بنائے گا بلکہ کئی گنا زیادہ مؤثر جوابی کارروائی بھی کرے گا۔ یہ اعلان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب تین ماہ قبل مئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان کئی دہائیوں کی شدید ترین جھڑپیں ہوئی تھیں، جن میں ہوائی، ڈرون، میزائل، توپ خانہ اور چھوٹے ہتھیار استعمال کیے گئے۔
بھارت کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائیاں چھ مئی کو اس وقت شروع کی گئیں جب کشمیر میں 26 شہریوں کی ہلاکت کے بعد پاکستان کے اندر آپریشن کیا گیا، تاہم پاکستان اس الزام کی تردید کرتا ہے۔
مودی نے کہا کہ یہ نیا نظام اسرائیل کے ’’آئرن ڈوم‘‘ کی طرز پر تیار کیا جا رہا ہے، لیکن مکمل طور پر بھارت کی اپنی ٹیکنالوجی سے بنایا جائے گا، جو ملک بھر میں کثیر سطحی سکیورٹی شیلڈ قائم کرے گا۔ حکومت کا ہدف ہے کہ سن 2035 تک اس نظام کی تنصیب مکمل کی جائے، جس کے تحت تمام اہم تزویراتی اور شہری مقامات، جیسے ہسپتال، ریلوے اسٹیشن اور عبادت گاہیں، جدید ٹیکنالوجی سے محفوظ بنائی جائیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ نظام پھیلتا جائے گا تاکہ ملک کا ہر شہری خود کو محفوظ سمجھے، اور جو بھی دشمن ٹیکنالوجی استعمال کرے، بھارت کا ردعمل اس سے زیادہ مؤثر ہو۔
واضح رہے کہ اس اعلان سے ایک روز قبل، 14 اگست کو پاکستان کے یومِ آزادی پر وزیراعظم شہباز شریف نے ’’آرمی راکٹ فورس کمانڈ‘‘ کے قیام کا اعلان کیا تھا، جو روایتی جنگ میں ملک کے میزائل آپریشنز کی نگرانی کرے گی۔
