چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو مودی حکومت کو دکھا دیں گے کہ ہم سر جھکانے والے نہیں۔
بھٹ شاہ میں شاہ عبد الطیف بھٹائیؒ کے عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے الزام عائد کیا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر جنگ مسلط کی تھی، اور پاکستان نے تاریخی انداز میں دشمن کو جواب دے کر جنگ ختم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے اعزاز ہے کہ ہم نے جنگ کا آغاز نہیں کیا لیکن اسے ختم ضرور کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عبرتناک شکست کے بعد بھارت نے بزدلانہ اقدام کرتے ہوئے پاکستان کے پانی پر حملہ کیا۔ سندھ طاس معاہدے کی معطلی سندھو دریا پر سب سے بڑا حملہ ہے، اور بھارت اسے یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا۔ بلاول کے مطابق، یہ ہماری سرزمین اور خودمختاری پر حملہ ہے، اور کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ مودی سندھو کا پانی روکنے اور ڈیم بنانے کی دھمکی دے گا۔
بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی عوام میں اتنی قوت ہے کہ وہ چھ کے چھ دریا واپس لے سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سفارتی مہم کے دوران دنیا کو مودی کے سندھ پر حملے کے بارے میں آگاہ کیا گیا، کیونکہ ہماری ہزاروں سال پرانی تاریخ اور ثقافت اس دریا سے جڑی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پانی 24 کروڑ پاکستانیوں کی زندگی کی بنیاد ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ بھارت کی آبی جارحیت کے خلاف دنیا بھر میں آواز بلند کی جا رہی ہے۔
