ہانیہ عامر کی موٹرسائیکل اسٹنٹ ویڈیو پر شنیرا اکرم کا دھماکہ خیز ردعمل

ہانیہ عامر کی موٹرسائیکل اسٹنٹ ویڈیو پر شنیرا اکرم کا دھماکہ خیز ردعمل

کراچی (شوبز ڈیسک) — اداکارہ ہانیہ عامر کی موٹرسائیکل پر کھڑے ہو کر سواری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے اس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے روڈ سیفٹی اور ہیلمٹ کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔

شنیرا نے انسٹاگرام اسٹوری میں ہانیہ کی ویڈیو کا اسکرین شاٹ شیئر کیا اور لکھا کہ وہ کئی برس سے ہسپتالوں اور ڈاکٹروں کے ساتھ مل کر نوجوانوں میں محفوظ ڈرائیونگ اور ہیلمٹ کے استعمال کے بارے میں آگاہی پھیلا رہی ہیں، مگر یہ منظر دیکھ کر افسوس ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ مشہور شخصیات کے پاس لاکھوں لوگوں پر اثر انداز ہونے کی طاقت ہوتی ہے، اور جب یہ اثر غلط سمت میں چلا جائے تو مایوسی ہوتی ہے۔ ایک ماں کی حیثیت سے وہ چاہتی ہیں کہ نوجوان جن اسٹارز کو فالو کرتے ہیں، وہ ذمہ دار رویہ اپنائیں، نہ کہ ایسے کام کریں جو جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔

شنیرا نے مزید کہا کہ وہ خوش نہیں ہیں کہ انہیں ایک ایسی سیلیبریٹی پر تنقید کرنی پڑ رہی ہے جس کے انسٹاگرام پر ایک کروڑ نوے لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، لیکن اگر یہ تنبیہ ہانیہ کو اپنی غلطی کا احساس دلا دے تو یہ ایک مثبت قدم ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کا مقصد ذاتی تنقید نہیں بلکہ یہ باور کرانا ہے کہ شہرت کے ساتھ ذمہ داری بھی لازم ہے۔ ساتھ ہی عوام سے اپیل کی کہ موٹرسائیکل چلاتے وقت ہمیشہ ہیلمٹ کا استعمال کریں—چاہے اپنی حفاظت کے لیے یا اپنے پیاروں کی خاطر۔

خیال رہے کہ ہانیہ عامر نے حال ہی میں ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ موٹرسائیکل پر کھڑے ہو کر سواری اور موسیقی پر رقص کرتی نظر آ رہی تھیں۔