ویزہ نہ ہونے پر 10 سالہ بچہ ائیرپورٹ پر اکیلا، والدین بیرون ملک روانہ

ویزہ نہ ہونے پر 10 سالہ بچہ ائیرپورٹ پر اکیلا، والدین بیرون ملک روانہ

اسپین کے شہر بارسلونا میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں زائد المیعاد پاسپورٹ، ویزا کی عدم دستیابی اور ہر حال میں بیرونِ ملک گھومنے کی ضد کے باعث ایک جوڑے نے اپنے 10 سالہ بیٹے کو ائیرپورٹ پر چھوڑ کر خود طیارے میں سوار ہونے کا فیصلہ کیا۔

بارسلونا کے ایل پرات ائیرپورٹ پر جب والدین کو پتا چلا کہ بیٹے کا پاسپورٹ ایکسپائر ہوچکا ہے اور دوسرے پاسپورٹ پر ویزا نہیں ہے، تو انہوں نے اسے ٹرمینل کے پبلک ایریا میں چھوڑ دیا اور چھٹیاں منانے دوسرے ملک روانہ ہونے لگے۔

فضائی کمپنی کی عہدیدار “للین” نے بچے کو اکیلا دیکھا تو حیران رہ گئیں اور یہ منظر ٹک ٹاک پر شیئر کیا، جو وائرل ہوگیا۔ ان کے مطابق، سب کچھ معمول کے مطابق لگ رہا تھا، لیکن اچانک ایک اکیلے بچے کو دیکھ کر شک ہوا۔ بعد میں ائیرپورٹ عملے نے پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے بچے سے بات کی تو اس نے بتایا کہ والدین دوسرے بچے کے ساتھ طیارے میں بیٹھ کر چھٹیوں پر جا رہے ہیں۔ اس وقت طیارہ پرواز کے لیے رن وے پر موجود تھا۔ کیبن کریو کی مدد سے والدین کی شناخت ہوئی اور انہیں طیارے سے اتار لیا گیا۔

والدین نے وضاحت دی کہ وہ بیٹے کے سفری مسائل کی وجہ سے اسے ایک رشتے دار کے حوالے کرنا چاہتے تھے، اس لیے ائیرپورٹ پر چھوڑا اور خود روانہ ہو گئے کیونکہ وہ اپنے ٹکٹ ضائع نہیں کرنا چاہتے تھے۔

للین کا کہنا تھا کہ بطور ائیر ٹریفک کوآرڈینیٹر انہوں نے بہت سے واقعات دیکھے ہیں، لیکن والدین کا اس طرح 10 سالہ بچے کو چھوڑ جانا ناقابلِ یقین ہے۔

یہ اب تک واضح نہیں کہ والدین کے خلاف کوئی قانونی کارروائی ہوگی یا نہیں۔