اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یکم جولائی 2025 یا اس کے بعد ریٹائر ہونے والے وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے خصوصی ریلیف کی منظوری دے دی گئی ہے۔ وزارتِ خزانہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام وفاقی پنشنرز کی پنشن میں یکساں بنیاد پر اضافہ کیا جائے گا، جبکہ 2011 سے 2024 کے درمیان دیے گئے پانچ ایڈہاک ریلیف الاؤنسز کو مستقل طور پر پنشن کا حصہ بنا دیا جائے گا۔
دستاویز کے مطابق گراس پنشن میں سے کمیوٹ شدہ رقم منہا کرنے کے بعد یہ پانچ ایڈہاک ریلیف شامل کیے جائیں گے، جن کی مجموعی شرح تقریباً 70 فیصد بنتی ہے۔ بیس لائن پنشن کو ہی نیٹ پنشن تصور کیا جائے گا اور ان سابقہ اضافوں کو باقاعدہ طور پر ضم کر دیا جائے گا۔
اعداد و شمار کے مطابق یہ ایڈہاک ریلیف بالترتیب 2011 میں 15 فیصد، 2015 میں 7.5 فیصد، 2022 میں 15 فیصد، 2023 میں 17.5 فیصد اور 2024 میں 15 فیصد دیا گیا تھا۔
