اسلام آباد (ویب ڈیسک) — پاکستان کی معروف آٹوموبائل کمپنی چنگان نے یومِ آزادی کے موقع پر صارفین کے لیے خصوصی آفر کا اعلان کرتے ہوئے اپنی مقبول سیڈان چنگان السوین کے تمام ویریئنٹس پر 2 لاکھ 75 ہزار روپے تک کی رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔
یہ رعایتی آفر 31 اگست 2025 تک ملک بھر میں چنگان کے مجاز ڈیلرز کے ذریعے دستیاب ہوگی۔ کمپنی کے مطابق، یہ اسکیم نہ صرف یومِ آزادی کی خوشی میں متعارف کرائی گئی ہے بلکہ مہنگائی اور فنانسنگ لاگت میں اضافے کے باوجود گاڑیوں میں صارفین کی دلچسپی برقرار رکھنے کے لیے بھی پیش کی گئی ہے۔
رعایت کے بعد چنگان السوین کی ابتدائی قیمت 40 لاکھ 39 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جو تمام ویریئنٹس پر لاگو ہوگی۔
پاکستان میں یہ گاڑی تین ویریئنٹس میں دستیاب ہے:
1.3L مینوئل کمفرٹ
1.5L ڈی سی ٹی کمفرٹ
1.5L ڈی سی ٹی لومئیر
چنگان السوین 1.3 لیٹر اور 1.5 لیٹر پیٹرول انجن آپشنز کے ساتھ آتی ہے، جبکہ گیئر باکس میں 5 اسپیڈ مینوئل اور 5 اسپیڈ ڈوئل کلچ آٹومیٹک شامل ہیں۔ فیول ایوریج تقریباً 13 سے 15 کلومیٹر فی لیٹر ہے۔
انٹیریئر میں فیبرک سیٹس، 7 انچ ٹچ اسکرین، ریئر کیمرہ، پاور ونڈوز اور اسٹیئرنگ ماؤنٹڈ کنٹرولز شامل ہیں، جبکہ سیفٹی فیچرز میں ڈوئل فرنٹ ایئر بیگز، اے بی ایس مع ای بی ڈی، اور ریئر پارکنگ سینسرز فراہم کیے گئے ہیں۔
آٹو ماہرین کے مطابق، یہ آفر صارفین کے لیے ایک پرکشش موقع اور کمپنی کے لیے مارکیٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرنے کی حکمتِ عملی ہے۔
