محمد رضوان کی خراب فارم کا سلسلہ ویسٹ انڈین لیگ میں بھی جاری

محمد رضوان کی خراب فارم کا سلسلہ ویسٹ انڈین لیگ میں بھی جاری

پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں اپنے ڈیبیو میچ میں بری طرح ناکام رہے۔ واری کینز کے خلاف میچ میں وہ محض 6 گیندوں پر 3 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب رضوان سویپ شاٹ کھیلنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن گیند کی لائن کو مکمل طور پر مس کر گئے اور گرتے گرتے کلین بولڈ ہوگئے۔ ان کی اس اننگز نے مداحوں کو خاصا مایوس کیا کیونکہ ان کی فارم کا فقدان اب غیر ملکی لیگز میں بھی جاری دکھائی دے رہا ہے۔

یاد رہے کہ محمد رضوان نے چند روز قبل سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔ افغانستان کے فاسٹ بولر فضل الحق فاروقی کے ٹیم چھوڑنے کے بعد رضوان کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

یہ سی پی ایل میں رضوان کا پہلا سیزن ہے، اور ان کے ساتھ پاکستانی کھلاڑی نسیم شاہ اور عباس آفریدی بھی اسی فرنچائز کا حصہ ہیں۔ اس سے قبل رضوان بگ بیش لیگ کے پندرہویں سیزن میں میلبرن رینیگیڈز کے لیے بھی کھیل چکے ہیں، جو ان کا دوسرا غیر ملکی ٹی ٹوئنٹی لیگ معاہدہ ہے۔