امریکہ میں ایک ٹریفک حادثے کے بعد غیرملکی ٹرک ڈرائیوروں کے لیے ورک ویزوں کے اجرا پر فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حادثہ ایک انڈین شہری ٹرک ڈرائیور ہرجندر سنگھ کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا، جس میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق ہرجندر سنگھ نے ہائی وے پر غلط یوٹرن لیا، جس کے نتیجے میں گاڑیاں ٹکرا گئیں۔ مزید یہ کہ ہرجندر سنگھ غیر قانونی طور پر میکسیکو کے راستے امریکہ داخل ہوا تھا اور حادثے کے بعد انگریزی زبان کا ٹیسٹ بھی پاس نہیں کر سکا۔
اس واقعے نے میڈیا کی توجہ حاصل کی اور ری پبلکن حکام نے اسے سیاسی مسئلہ بنا دیا۔ ریاست فلوریڈا کی نائب گورنر خود امیگریشن ایجنٹس کے ساتھ کیلیفورنیا گئی تاکہ ملزم کو حراست میں لیا جا سکے۔
ملزم نے ڈیموکریٹک پارٹی کے زیرِ قیادت ریاست کیلیفورنیا سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا تھا، جس کے بعد صدر ٹرمپ کے حامیوں نے ڈیموکریٹ ریاستی حکومت پر تنقید میں اضافہ کیا۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اعلان کیا کہ اب سے غیرملکی کمرشل ٹرک ڈرائیوروں کے لیے ورک ویزوں کا اجرا روک دیا گیا ہے، کیونکہ غیرملکی ڈرائیور امریکی سڑکوں پر خطرہ بن رہے ہیں اور مقامی ڈرائیوروں کے روزگار کو متاثر کر رہے ہیں۔
