ایشیا کپ اور سہ فریقی سیریز کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں ممکنہ تبدیلیاں متوقع ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ ماہ افغانستان اور یو اے ای کے خلاف سہ ملکی سیریز کے علاوہ ایشیا کپ 2025 کے لیے قومی ٹیم کا اعلان جلد کر سکتا ہے۔
یو اے ای میں ہونے والی سہ فریقی سیریز کے لیے ٹیم میں چند تبدیلیاں ہو سکتی ہیں، جن میں فاسٹ بولر سلمان مرزا اور آل راؤنڈر احمد دانیال کی واپسی شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق سینئر فاسٹ بولرز شاہین آفریدی اور حارث رؤف کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے لیے سیریز کے دوران آرام دیا جا سکتا ہے اور انہیں ایشیا کپ کے لیے شامل کیا جائے گا۔
اسکواڈ میں روایتی 15 کے بجائے 16 کھلاڑی شامل کرنے کا امکان ہے، جس کا حتمی فیصلہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
اوپنر فخر زمان کو سہ ملکی سیریز اور ایشیا کپ دونوں کے لیے ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے، حالانکہ وہ اس وقت ویسٹ انڈیز کے دورے پر موجود ہیں جہاں وہ انجری کے باعث کھیل نہیں رہے۔
آل راؤنڈر اور ٹی 20 نائب کپتان شاداب خان سرجری کے بعد بحالی کے عمل میں ہیں، اس لیے ان کے دونوں ایونٹس میں حصہ لینے کا امکان کم ہے۔
سہ ملکی سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی، جہاں پاکستان اپنا پہلا میچ 29 اگست کو شام 7 بجے افغانستان کے خلاف کھیلے گا۔ ہر ٹیم ایک دوسرے سے دو بار مدمقابل ہوگی، اور فائنل 7 ستمبر کو سب سے اوپر موجود دو ٹیموں کے درمیان ہوگا۔
