آئندہ سال حج کے خواہشمندوں کے لیے اہم اعلان

آئندہ سال حج کے خواہشمندوں کے لیے اہم اعلان

اسلام آباد — آئندہ سال حج ادا کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم خبر یہ ہے کہ وزارتِ مذہبی امور نے حج 2026 کی درخواستوں کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے، جو 16 اگست تک جاری رہے گا۔

وزارت کے ترجمان کے مطابق اس مرحلے میں درخواستیں آن لائن پورٹل یا نامزد بینکوں کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ غیر رجسٹرڈ عازمین بھی درخواست دینے کے اہل ہیں، جبکہ سمندر پار پاکستانی اپنے قریبی عزیز کے ذریعے بینکوں میں درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ بیرونِ ملک مقیم افراد میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ وطن واپسی پر فراہم کریں گے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ حج کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی وصولی فوراً بند کر دی جائے گی۔ یاد رہے کہ پہلے مرحلے میں 71 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔

وزارت کے ترجمان محمد عمر بٹ نے بتایا تھا کہ دوسرا مرحلہ 11 سے 16 اگست تک جاری رہے گا، اور اس دوران پہلی قسط کے ساتھ درخواستیں قبول کی جائیں گی۔

نئی پالیسی کے تحت حج کا 70 فیصد کوٹہ سرکاری اسکیم جبکہ 30 فیصد پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے لیے مختص ہے۔ پاکستان کا مجموعی حج کوٹہ 1,79,210 ہے، جس میں سے 1,19,210 سرکاری اسکیم اور 60 ہزار پرائیویٹ آپریٹرز کے لیے ہیں، تاہم اس کی حتمی منظوری سعودی حکام سے لینا باقی ہے۔