پنجاب حکومت کا 100 ارب روپے کے بلاسود قرضوں کا اعلان

پنجاب حکومت کا 100 ارب روپے کے بلاسود قرضوں کا اعلان

لاہور (نیوز ڈیسک) — گندم کی کاشت سے قبل حکومت پنجاب نے کسانوں کی معاونت کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں طے پایا کہ کاشتکاروں کو 100 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے میں بہتر پیداوار کے لیے گندم کی بروقت بوائی نہایت اہم ہے۔ گزشتہ دو ماہ میں کاشتکاروں کو 63 ارب روپے کی سبسڈی دی جا چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ گندم کی بوائی سے پہلے کھاد کی وافر دستیابی یقینی بنائی جائے اور چھوٹے کسانوں کو ریلیف دینے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی جائے۔

مزید برآں، زرعی مداخل کی لاگت کم کرنے کے لیے اقدامات کا حکم دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ گندم کے کاشتکار کو ہر ممکن سہولت دی جائے گی، حکومت کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور پنجاب کے کاشتکار کو سب سے زیادہ حکومتی معاونت حاصل ہے۔