بالی ووڈ اداکار عامر خان کے بھائی فیصل خان نے سنسنی خیز انکشاف کیا ہے کہ عامر خان نے انہیں شیزوفرینیا کا مریض قرار دے کر ایک سال تک گھر میں قید رکھا۔
شوبز ویب سائٹ ’بالی ووڈ شایز‘ کے مطابق فیصل خان نے ایک انٹرویو میں الزام لگایا کہ اہل خانہ نے انہیں بتایا کہ وہ پاگل ہیں اور معاشرے کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں، اسی بنیاد پر انہیں تنہائی میں بند رکھا گیا، ان کا فون چھین لیا گیا اور زبردستی دوائیاں دی گئیں۔
فیصل خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے فلموں میں واپسی کے لیے یش راج فلمز کے آدیتیہ چوپڑا، شاہ رخ خان، عامر خان اور سلمان خان سے ملاقات کرنے کی کوشش کی لیکن کسی نے انہیں موقع نہیں دیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیف علی خان اور کرینہ کپور کو اپنے ایک پراجیکٹ میں شامل کرنے کی بھی کوشش کی مگر کوئی جواب نہ ملا۔
واضح رہے کہ فیصل خان 2000 کی فلم ’میلا‘ میں عامر خان کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور دو درجن سے زائد فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں۔
